اسلام آباد(نمائندہ جنگ،خبر ایجنسیاں ) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے گذشتہ روز گوادر کا دورہ کیا اور فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا ،آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، مسلح افواج اور بلوچستان کی عوام ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں ،دورہ گوادر کے موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک سیکیورٹی اور پرامن و محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی، جنرل عاصم منیر نے افسران و جوانوں کی کوششوں کو سراہا،آرمی چیف نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،صحت، کھیلوں، تعلیم، سولر سسٹم اور ماہی گیری سے متعلق منصوبوں کا اعلان کیا اور علاقہ کی اقتصادی ترقی پر زور دیا،آرمی چیف نے گوادر کے منتخب نمائندوں اور عمائدین سے بھی ملاقات کی ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے، آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ، عوام کی بہتری کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔