لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے بارے میں پیمرا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کیس فائل فل بنچ کے پاس بھجوا دی، عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پیمرا و دیگر فریقین کو 13 مارچ کیلئے نوٹس جاری کردیئے،چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتہ اور اشتیاق اے خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،آئین پاکستان شہریوں کو آزادیِ اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے،عمران خان کی تقاریر پر پابندی آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے،پابندی سے افراتفری اور سیاسی ہیجان پیدا ہوگا، جس کا موجودہ سیاسی صورتحال میں ملک متحمل نہیں ہوسکتا ،پیمرا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔