بیجنگ(ایجنسیاں/صالح ظافر)چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب نے تعلقات بحال اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کرلیا ہےاور اس ضمن میں باضابطہ معاہدہ طے پاگیاہےجس کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام اورعدم مداخلت کی پالیسی پرکاربندرہیں گے۔
پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر لانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو پختہ یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صدر شی جن پنگ کی کوششوں سے ایران اور سعودی عرب کے حکام کے مابین 6 سے 10 مارچ مذاکرات ہوئے تھے ۔بیجنگ میں سعودی عرب، ایران اور چین کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق تہران اور ریاض نے اتفاق کرلیا ہے کہ آپس میں سفارتی تعلقات اور اپنے سفارت خانے اور مشنز دو مہینوں سے پہلے بحال کردیں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پانے کے دوران باضابطہ ایک تقریب میں ایران، سعودی عرب اور چین کے درمیان ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیاجس پر چینی وزیرخارجہ کے بھی دستخط ہیں۔
تینوں ممالک کی طرف سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق سعودی عرب اور ایران دو ماہ کے اندر اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر راضی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سفارت کاروں کے تبادلے اور دیگر اقدامات کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودمختاری کے احترام اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک نے 17 اپریل 2001 کو طے پانے والے سکیورٹی تعاون کے معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کر لیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے 27 مئی 1998 کو طے پاگئے عام معاہدے پر بھی اتفاق کرلیا ہے، جس کا مقصد اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تکنیکی، سائنسی، ثقافتی، کھیلوں اور نوجوانوں کے امور میں تعلقات کو فروغ دینا تھا۔اپنے مشترکہ بیان میں تینوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر کوشش بروئے کار لانے پر زور دیا۔اس موقع پر ایران اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے کوششوں اور 2021-22 میں مذاکرات کا انعقاد کرنے پر عراق اور عمان کا شکریہ ادا کیا جبکہ رواں مذاکرات کی میزبانی اور معاونت کرنے پر چینی قیادت کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ادھر دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان کو پختہ یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں جو تعمیری اور بامعنی بات چیت کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم اس مثبت پیش رفت پر مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت کو سراہتے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لیے مسلسل تعاون اور ہم آہنگی کی کوششوں کی تاریخ کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
بیان میں توقع ظاہر کی گئی کہ یہ مثبت قدم علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کے لیے ایک راہ کو متعین کرے گا۔