کوئٹہ(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمٰن کو ایک ہفتہ کے اندر رہا ، مقدمات ختم اور مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو پورے ملک سے قافلے لے کر گوادر کا رخ کریں گے ،گوادر اور بلوچستان کے لوگ سی پیک کے مخالف نہیں لوگوں کا مطالبہ ہے کہ سی پیک پر سب سے پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے،جماعت اسلامی گوادر اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، مرکز میں کوئی حکومت نہیںموجودہ حکمرانوں میں فیصلہ کرنے کی سکت نہیں ، تمام اداروں پر اعتماد ختم ہوگیا ہے معلوم نہیں حکومت کیسے چل رہی ہے ،پی ڈی ایم کی حکومت نے گیارہ مہینوں میں پاکستان کو تباہی و بربادی کی آخری کھائی تک پہنچادیا، قومی اسمبلی توڑی، پی ڈی ایم حکومت استعفیٰ دے اور نگران حکومت قائم کرکے چاروں صوبوں اور مرکز میں ایک ہی دن انتخابات کرائے جائیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے جمعہ کو جماعت اسلامی کوئٹہ کے زیراہتمام ایدھی چوک پراحتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔