کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہےکہ این ڈی ایم اے موسم سے متعلق جدید ترین آلات اور گیجٹس نصب کررہا ہے تاکہ پچھلی چند دہائیوں کے دوران موسمی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آفات کا جائزہ لیا جاسکے۔یہ بات انھوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں بتائی ،اس ملاقات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ زیادہ تر قدرتی آفات کا سبب موسمی تبدیلی/بدلائو ہے اس لیے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ان واقعات کے رونما ہونے سے پہلے ہی ان کے حوالے سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور ان کے اثرات کو کم کیاجاسکتا ہے جس سے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو آفات سے بہت پہلے ہنگامی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ ان کے ادارے نے موسم اور اس کے اثرات کی پیش گوئی کرنے والے بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی روابط قائم کررکھے ہیں۔