• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ راولپنڈی ڈویژن کی تحفظ تشیع کانفرنس

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام تحفظ تشیع کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ملک سے انگریز چلے گئے لیکن اپنے آلہ کار یہیں چھوڑ گئے‘ ہم بظاہر آزاد نظر آتے ہیں لیکن آج بھی غلام ہیں۔ پاکستان میں تقسیم در تقسیم کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، ملک کو کمزور کر کے ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو مکمل کیا جا رہا ہے، المیہ یہ ہے ہمارے ملک میں کسی مقبول سیاسی و مذہبی قیادت کو جینے نہیں دیا گیا۔ لیاقت علی خان شہید، محترمہ فاطمہ جناح سمیت متعدد محب وطن قیادت کو غدار قرار دیا گیا۔ انتخابات ملتوی کرنے کی خواہش رکھنے والے دراصل آئین پاکستان کیساتھ غداری کر رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید اکبر کاظمی نے کہا ہم چودہ سو سال سے مسلسل جدوجہد میں ہیں۔ علامہ سید جاوید شیرازی نے کہا کہ ہر انسان کو حق ہے کہ وہ اپنی مذہبی رسومات کو اعلانیہ ادا کرے اور حکومت کو فرض ہے کہ اس حق کی حفاظت کرے۔ اسلام اور اقوام متحدہ بھی مذہبی آزادیاں دیتے ہیں۔ اسد اللہ چیمہ نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں رہتے ہوئے خود کو قافلہ حق کے ساتھ منسلک رکھنا ہے۔ واجد علی شاہ اور ملک اقرار حسین نے کہا کہ ہم ملت جعفریہ کے حقوق کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں۔ کانفرنس سے علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ جہانزیب جعفری، آغا سید محمد رضا، ملک خاور عباس، سید سلیم رضوی، سید صابر حسین نقوی، مولانا سید اعوان علی شیرازی، رئیس عباس رضوی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
اسلام آباد سے مزید