• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدیر: اقبال نظر

صفحات: 232، قیمت: 500 روپے

ناشر: کولاژ پبلی کیشنز، کراچی۔

ایک ایسے دَور میں جب اُردو ادب کا قاری ناپید ہوتا جا رہا ہے، کسی ادبی جریدے کا تواتر کے ساتھ شائع ہونا بڑے حوصلے اور ہمّت کی بات ہے، اسے ایثار کا نام بھی دیا جا سکتا ہے۔ اردو کے ممتاز و معتبر افسانہ نگار، اقبال نظر نامساعد حالات کے باوجود اپنے رسالے کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ’’کولاژ‘‘ کا تازہ شمارہ بھی برّصغیر کے نام ور شاعر اور کہانی کار، گلزار کے دیدہ زیب مصوّرانہ فن پارے سے مزیّن ہے۔ شاہدہ تبسّم کی شاعری کے حوالے سے’’سخن دان‘‘ موسیقی سے متعلق گوشہ’’ کرّۂ غنائی‘‘ اور محمّد شمیم مرتضیٰ کا تحریر کردہ رپورتاژ’’حادثہ دفعتاً نہیں ہوتا‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔

غیر مُلکی تراجم اور حصّۂ نظم میں گلزار کی نظمیں بھی نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ علاوہ ازیں، تنقیدی اور تحقیقی مضامین، غزلیں، نظمیں، افسانے، طویل افسانہ، تمثیل، خود نوشت، تراجم اور ہائیکو پر مشتمل سلسلے ہیں۔ اس شمارے کے اہم لکھنے والوں میں ڈاکٹر شاہین مفتی، انور شعور، سلیم کوثر، اخلاق احمد، امجد اسلام امجد، ڈاکٹر فاطمہ حسن، جسٹس (ر) حاذق الخیری، ایوب خاور، باقر سلطان کاظمی، صفدر صدیق رضی، محسن چنگیزی، خالد فتح محمّد، شکیلہ رفیق، رابعہ الرباء اور سلطان ارشد شامل ہیں۔ حمد ونعت کے بعد نظیراکبر آبادی کا ’’بنجارا نامہ‘‘ دیا گیا ہے۔ آخری صفحات تبصروں اور خطوط سے مزیّن ہیں۔