لاہور (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پی سی بی انتظامی کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) سے بات کرنا پڑے گی اور کوئی نہ کوئی پوزیشن لینا پڑے گی۔ پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کےمعاملے پر حکومت سے پوچھا ہے، حکومت کا مؤقف یہی کہ اگر بھارت یہاں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی وہاں نہیں کھیلے گا۔ قبل ازیں نجم سیٹھی کی زیر صدارت مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں آئی سی سی اور اے سی سی اجلاسوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پی سی بی 2014 آئین کے تحت گورننگ بورڈ میں چار ریجنل اور چار ڈیپارٹمنٹل نمائندے شامل کرنے کی منظوری کے ساتھ ٹورنامنٹ ایویلویشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اس موقع پر 12 مزید ڈیپارٹمنٹس کی طرف سے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے درخواست کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔