کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے سمیت انٹرنیشنل ہاکی ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک ہاکی ڈویلپمنٹ ویژن کے تحت ملک بھر میں ایونٹس کی تعداد کو بڑھانے، کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیکنیکل آفیشلز و ایمپائرز کے کورسز سمیت دیگر قومی کھیل کو مقبول عام بنانے کے اقدامات پر عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک ہاکی ڈویلپمنٹ سمیت انٹرنیشنل ہاکی ایونٹس میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کے لئے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن چاہتی ہے کہ جونیئر ایشیاء ہاکی کپ میں پاکستان پوزیشن حاصل کرے جو کہ جونیئر ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ ہے۔ اس سلسلہ میں جونیئر ایشیاء کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی تیاری کے لئے اوپن ٹرائلز ملک بھر میں منعقد کرائے جائینگے۔ جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اس کے ملحقہ یونٹس کے رجسٹرڈ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ٹرائلز میں شرکت کرسکیں گے۔