شیخوپورہ (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ لیڈر نہیں چور اور ڈاکو گرفتاری سے چھپتے اور ڈرتے ہیں، نواز شریف مرتی بیوی کو لندن میں چھوڑ کر گرفتاری دینے آگیا تھا اورعمران خان پولیس آنے پر بچوں کی طرح رونے لگا، جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا نو ن لیگ الیکشن کبھی نہیں چاہے گی،انصاف کے دو معیار ہونگے تو کبھی چپ نہیں بیٹھوں گی، ناانصافی ہو گی اور انصاف کے پلڑے برابر پھر چاہے صبح الیکشن کرا دو، عمران خان دندناتا پھرے ایسا نہیں ہوگا، عمران خان کو لاہور نے مسترد کر دیا، قوم کے بیٹے فالتو نہیں اپنا فرض نبھا رہے ہیں اگر زمان پارک میں پولیس کے افسر یا جوان کو کوئی گزند پہنچی تو ذمہ دار عمران خان ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں شیخوپورہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب اور ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کیا۔