اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) اسلام آباد کیپٹل پولیس کے سربراہ آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سید شہزاد ندیم بخاری کے لاہور آپریشن میں زخمی ہونے کے بعد ایس پی رانا حسین طاہر کو زمان پارک ایکشن کا چارج دیدیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز پولیس کے مطابق عمران خان کے گھر کی چھت سے کی گئی سنگ باری کے نتیجے میں سر میں پتھر کا گہرا زخم اور بے تحاشا خون بہنے کی وجہ سے سروسز ہسپتال لاہور میں داخل کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس سید شہزاد ندیم بخاری کے علاوہ اسلام آباد کیپٹل پولیس کے پانچ اہلکار بھی عمران خان کے گھر کی چھت پر موجود کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ہوئے جنہیں سروسز ہسپتال میں پہنچایا گیا۔ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد کیپٹل پولیس کے دیگر زخمی اہلکاروں کی ہسپتال جا کر عیادت کی۔ پتھراؤ کے باوجود پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ اور کارکنوں کیخلاف رات تک کوئی انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کیا۔