اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظام عدل کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں، آئین اور انصاف کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیوں عمران خان کو پکڑا نہیں جاسکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ناکام ہوچکے ہیں، اب سیاست کے لیے وہ لاشوں کا منتظر رہتا ہے، کل لاہور میں ایک ننھی منھی ریلی نکالی گئی، لوگوں نے انہیں مسترد کردیا، بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھ کر تقریریں کرتے ہیں اور اپنے لیڈروں کے گھروں سے چلنے والی گولیوں سے لوگ شہید ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب انہیں عدالت طلب کیا جاتا ہے تو گالیاں دیتے ہیں، ان پر حملہ آور ہوتے ہیں، کہتا ہے کہ نہیں آؤں گا، جب حاضری سے استثنیٰ مل جاتا ہے تو خاموشی اختیار کرلیتا ہے، آج کل تو میں نے سنا ہے کہ عدالتوں نے ہمت کی ہے، وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں جو اب معطل بھی ہوگئے ہیں، میں بڑے انتظار میں تھی کہ جو وارنٹ جاری ہوئے ہیں وہ اب تک معطل کیوں نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تحریک کے لیے تیار ہے اور عدالت کے لیے معذور ہے، بیمار ہے، بزرگ ہے، وہ بیماری ہے کہ جس کا میں ذکر بھی نہیں کرسکتی کہ بچیاں بیٹھی ہیں
ٹی وی پر لوگ سن رہے ہیں، آپ سے پوچھا جا رہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی ہے یا نہیں، خیرات کے پیسے سیاست میں لگائے ہیں یا نہیں، ٹیریان آپ کی بیٹی ہے یا نہیں، توشہ خانہ سے گھڑی چوری کی ہے یا نہیں، جواب دے دیں۔