لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف افغانستان کے خلاف پاکستانی ٹیم کے انتخاب پر ناخوش ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ میرے نزدیک پاکستان ٹیم کی تباہی کیلئے پہلا قدم ہے۔ اس صورتحال میں کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ریسٹ ان پیس۔ سیریز میں ہار جیت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا جاسکتا، یہ صورتحال ٹیم کو توڑتی ہے، اگرچہ کچھ پلیئر اچھا پرفارم کرسکتے ہیں لیکن کیا وہ ٹیم میں ٹھہریں گے؟ ۔ ایک یوٹیوب چینل پرانٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ہمارے پلیئر بڑے عرصے کے بعد آئی سی سی کی رینکنگ میں آنے لگے تھے، بابر اعظم کو سرگار فیلڈ سوبرز ایوارڈز سے نوازا گیا، وہ دنیا کے بہترین بیٹسمین بننے لگے تو مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ اب ہم لوگ آگئے ہیں اب ایسا نہیں ہوگا، اب جو کریں گے ہم اپنی مرضی سے کریں گے ۔ جو لوگ خود 70، 80 سال کے ہوگئے ہیں ان کو زندگی میں کبھی ریسٹ نہیں ملا، ان کو ریسٹ ملنا چاہیے لیکن اب وہ پاکستان کرکٹ کی قسمت کا فیصلہ کررہے ہیں، ٹھیک ہے کرلیں ۔