• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، کشمیر پر مذاکرات سے بھاگ رہا ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کی پائیدار ترقی کی خاطر حکمت عملی وضع کرنے کیلئے تنظیم کی ایک کمیٹی تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے موریطانیہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، کشمیر پر مذاکرات سے بھاگ رہا ہے، مسلم ممالک کو پائیدار ترقی کو فروغ دینا، جدید علوم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو حاصل کرنا چاہئے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ زیادہ ترمسلمان ممالک کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے انہیں اقتصادی آزادی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور بین الاقوامی مالیاتی ضوابط اور اداروں میں اپنے حق کو منوانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک سے ایک واضح حکمت عملی تیار کرنی چاہئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو دہشتگردی کے خلاف اور اس سے تحفظ کیلئے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستان افغانستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے او آئی سی ممالک سے درخواست کی کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے تنظیم کے رکن ممالک کردار ادا کریں۔ اسلاموفوبیا کے حوالے سے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ مسلمان ممالک انفرادی اور اجتماعی طور پر اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے ایک منصوبہ بنائیں مقدس اسلامی مقامات کے تحفظ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پراپیگنڈے اور تشدد کے خاتمے کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کیا جائے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں چین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے او آئی سی وزراء خارجہ کے 49 یں اجلاس کے شرکاءکو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو سکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، مسئلہ فلسطین کا حل او آئی سی کا مشترکہ ہدف ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے باعث مسلمانوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے فورم میں ماہرین کی ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ بین الاقوامی مالیات، تجارت اور ٹیکس کے قوانین اور ڈھانچے میں مساوی سلوک کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جاسکے۔
اہم خبریں سے مزید