کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ قائم کردیا ہے۔ سید محمد ظاہر شاہ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ مقرر کیا گیا ہے، اس شعبے کو ہاکی کی بہتری ، فروغ اور مقبولیت میں اضافہ کے ساتھ کھلاڑیوں ، ٹیکنیکل آفیشلز، ایمپائرز، کوچز کے ڈویلپمنٹ پروگراموں کی ترویج اور عملدرآمد سمیت ڈومیسٹک انفراسٹرکچر میں بہتری لانے، گراس روٹ لیول پر درپیش مسائل اور انکے احسن تدارک کا ٹاسک دیا گیا ہے۔صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی منظوری کے بعد ڈیپارٹمنٹ میں ظاہر شاہ کے علاوہ صوبائی ڈائریکٹرز ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ میں رائے عثمان اکبر (پنجاب)، گلفراز احمد خان (سندھ)، حبیب اللہ کاکڑ (بلوچستان)، ضیاء الرحمٰن بنوری (کے پی کے)، میجر ر طارق احمد ورک (اسلام آباد)، محمد مشتاق خان ( آزاد کشمیر) اور منور عباس (گلگت،بلتستان) شامل ہیں۔ سید علی عباس ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوآرڈنیٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ صوبائی ڈائریکٹرز ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ اپنے اپنے دائرہ کار میں اس پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔