ملتان (سٹاف رپورٹر)سندھی ادیبوں ، شاعروں ، دانشوروں اور سیاسی رہنماؤں کے وفد کا ملتان پہنچنے پر شاندار استقبال ، سرائیکی رہنما ظہور دھریجہ اورغلام مصطفی خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مہمانوں کو گلدستے پیش کئے، بعد ازاں سرائیکی اجرکیں بھی پہنائی گئیں۔وفد کی قیادت تھر سٹی فورم کے چیئرمین ابایو جونیجو نے کی جبکہ وفد میں سندھی قوم پرست رہنما نور محمد بجیر، ڈاکٹر امیر ابڑو، ولی نور، ساجد سندھی ، کاشف بجیر و دیگر شامل تھے۔ ابایو جونیجو نے کہا کہ ہم اہلیان سندھ کی طرف سے سرائیکی وسیب کیلئے محبت کا پیغام لائے ہیں، مدینۃ الاولیاء ملتان میں آکر بہت دل خوش ہوا ہے، بلاشبہ ملتان دنیا کا قدیم ترین شہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ سرائیکی قدیم اور عظیم زبان ہے اور صوبہ سرائیکستان ہر صورت بننا چاہئے ، ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ سرائیکی رہنما ظہور دھریجہ نے سندھ سے آنے والے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم صوبہ سرائیکستان کی حمایت کرنے پر شکر گزار ہیں مگر یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ سے بھی وسیب کے لوگوں کو شکایات ہیں۔