کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام زمان پارک لاہور میں پیش آنے والے واقعہ کے خلاف کوئٹہ میں کوئلہ پھاٹک پر ٹائرز جلاکر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی عہدیداروں اور کارکنوں نے وفاقی حکومت اور پنجاب کی نگران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ، مظاہرے سے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان اسلام آباد عدالت کے حکم پر جب پیشی کے لئے روانہ ہوئے تو ان کی اہلیہ گھر میں موجودہ تھیں ایسے میں پنجاب کی نگران حکومت نے زمان پارک پر دھاوا بول کر چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، حکومتی اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے بلکہ ایسے واقعات سے ہمارے ارادے مزید مضبوط ہوں گے ۔