سکھر (بیورورپورٹ )سکھر شکارپور کچے کے علاقے جھلی کلواڑی سے مسلح ڈاکو سیکڑوں بھینسیں لیکر فرار ہوگئے، متاثرہ مرد و خواتین اور بچوں نے سکھر سٹی بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیکر مویشیوں کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔ لوٹے گئے مویشیوں کی مالیت کڑوروں روپے بتائی جاتی ہے، کچے کے علاقے جھلی کلواڑی کے رہائشی کلوڑ برادری کے افراد نے مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے سیکڑوں مویشی لیکر فرار ہونے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائروں کو نذر آتش کیا۔ مظاہرین ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی اور مویشی برآمد کرانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ہمارے چرواہےبھینسیں چرانے گئے تو 15 سے زائد مسلح ڈاکو ہمارے دو افراد کو زخمی کرکے 400 بھینسیں کچے میں لے گئے ہیں، ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے، بھینسوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے، متاثرین نے پولیس افسران سے اپیل کی کہ ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کرکے مویشیوں کو برآمد کرایا جائے۔ دوسری جانب ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کا کہنا ہے کہ مذکورہ کچے کا علاقہ جھلی کلواڑی سکھر اور شکارپور کچے کی حدود میں آتا ہے، ایس ایس شکارپور سے رابطے میں ہوں، پولیس کو اطلاعات ملی ہیں کہ ڈاکو 198 بھینسیں لے گئے ہیں، کوششیں کررہے ہیں، مویشیوں کو جلد برآمد کرایا جائیگا۔