• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹر سائیکل مالکان کو یومیہ 2 سے 3، گاڑی کو 30 لیٹر ماہانہ پٹرول، کم آمدن والوں کو 100 روپے سبسڈی، مصدق ملک

لاہور( نمائندہ جنگ)وزیرمملکت پٹرولیم مصدق ملک نےکہا ہے کہ موٹر سائیکل والوں کیلئے پٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، موٹر سائیکل مالکان کو 21 لٹر تک ماہانہ سبسڈی دی جائے گی، یومیہ دو سے تین لٹر دیا جائے گا، 800 سی سی سے کم گاڑی پر 30 لٹر اور اس سے اوپر کے مالکان کو ماہانہ ایک ٹینک بھرانے کی اجازت ہوگی، وہ پریس کانفرنس سے خطاب اور جیو نیوز سے گفتگو کررہے تھے،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ سبسڈائز پٹرول کی پالیسی آئندہ چھ ہفتوں میں نافذ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، پٹرول کیلئے امیر سے زیادہ پیسے لے کر غریب کیلئے استعمال کیے جائیں گے، پٹرول کی قیمت 300روپے ہوگی تو 350روپے رکھی جائے گی، تمام ڈیلرز یہ اضافی پچاس روپے فی لیٹر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو جمع کرائیں گے، نیشنل بینک میں ایسکرو اکاؤنٹ کھول جائے گاجہاں یہ اضافی پچاس روپے جمع ہوں گے، ایسکرو اکاؤنٹ کے ذریعے غریبوں کو پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی مالکان کو میسج بھیجیں گے کہ آپ رجسٹر ہوگئے اب آپ کو سستا پٹرول مل سکتا ہے، کتنا پٹرول ملنا ہے اس کا تعین شناختی کارڈ اور او ٹی پی کے ذریعہ ہوجائے گا،موٹر سائیکل مالکان کو 21لیٹر تک سبسڈی دی جائے گی، سبسڈائز پٹرول یومیہ دو سے تین لیٹر فراہم کیا جائے گا،موٹر سائیکل مالک خود کوشش کرے گا کہ 21 لیٹر سے زیادہ ماہانہ خرچ نہ کروں، 800سی سی سے کم گاڑی پر ماہانہ 30لیٹر پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی، 800سی سی گاڑی مالکان کوا یک ٹینک بھروانے پر سبسڈی ملے گی، گاڑی والے کو ایک تہائی پٹرول پر موٹر سائیکل والے کو سوفیصد پٹرول پر سہولت ملے گی،سبسڈائز پٹرول کیلئے گاڑی چلانے والے کے نام پر ہونی چاہئے، اس پالیسی سے گاڑی اپنے نام پر کرانے میں بھی اضافہ ہوگا، ہم چاہتے ہیں لوگ بڑی گاڑیاں چھوڑ کر چھوٹی گاڑیوں پر آئے اس سے پٹرول کی بھی بچت ہوگی۔ پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقات کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 50روپے کی بجائے اسے 100روپے لیٹر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سکیم پر چھ ہفتوں میں عملدرآمد کر دیا جائے گا ، ہم نے امیر کا پاکستان الگ اور غریب کا پاکستان الگ کر دیا ہے ،لگژری اوربڑی گاڑیاں استعمال کرنیوالےاصل قیمت دینگے،گیس کاٹیرف الگ کرکے غریب اور امیر کا بل علیحدہ کردیا،عمران خان کہتے ہیں جو آئین و قانون میں لکھا ہے تو کیا ہواسب کی ایسی کی تیسی ،کوئی قانون مجھ پر لاگو نہیں،انہوں نے کہا کہ دو پاکستان ہیں، ایک طاقت ور کا، اور ایک کمزور کا، دو پاکستان ہیں، ایک امیر کا، ایک غریب کا۔ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو، آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔ وزیراعظم اور نواز شریف نے کہا کہ آپ غریب اور امیر کا پیٹرول بھی علیحدہ کریں۔ گیس کی طرح دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کردیا۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ایک اسکیم پیش کی گئی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مستقبل میں غریب کا پیٹرول کا خرچ کم کردیا جائے گا ۔

اہم خبریں سے مزید