کوئٹہ(نمائندہ جنگ)کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا انوار الحق حقانی کی صدارت میں ہوا جس میں زونل کمیٹی کے ارکان مولانا پیر سید نقیب اللہ آغا ، مفتی محمد جان قاسمی ، علامہ قربان علی توسلی ، ڈاکٹر قاری عبدالرشید ازہری ، مولانا سید عتیق الرحمٰن شاہ ، قاری عبدالحفیظ نے شرکت کی ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ارسلان چوہدری اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی موجود تھے ، اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے زونل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا انوار الحق حقانی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کسی بھی علاقے سے چاند نظر آنے کی رویت موصول نہیں ہوئی ، تاہم چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی ۔اس سے قبل پنجاب کی زونل کمیٹی کے سربراہ طاہر رضا بخاری نے اعلان کیا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ان کا کہنا تھاکہ چاند سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔اس کے علاوہ صوبہ سندھ اور کوئٹہ میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور اس کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔