• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد پرویز الہٰی حکومت بحال ہوگئی، اظہر صدیق

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کے التواء کا فیصلہ توہین عدالت ہے، الیکشن ملتوی کرنے پر توہین عدالت کا کیس کریں گے.

الیکشن کمیشن کے ارکان نجومی بھی بن گئے ہیں، انہیں پتا ہے آٹھ اکتوبر کو ملک میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں گی، پنجاب کی نگراں حکومت پی ڈی ایم کی حکومت نظر آتی ہے، نگراں سیٹ اپ صرف انتخابات کروانے کیلئے آتا ہے

 الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد پرویز الٰہی کی حکومت بحال ہوگئی ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون بھی شریک تھے۔

صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف میں بات چیت کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، یہ سیاسی بحران ہے اسے سیاسی طور پر حل ہونا چاہئے،عمران خان بات چیت کیلئے آمادگی سے پیچھے نہیں ہٹے اس لیے ملاقات کی امید باقی ہے۔

جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آر اوز دینے سے انکار کردیا پی ٹی آئی اس کیخلاف توہین عدالت فائل کرے، عمران خان کیخلاف پچاس کیس بھی رجسٹر ڈ نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب میں الیکشن کے التواء کا فیصلہ توہین عدالت ہے، الیکشن کمیشن الیکشن کا شیڈول آگے پیچھے کرسکتا ہے لیکن اسے ختم نہیں کرسکتا

الیکشن کمیشن کے ارکان نجومی بھی بن گئے ہیں، انہیں پتا ہے کہ آٹھ اکتوبر کو ملک میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں گی، پنجاب میں الیکشن کے التواء پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینے کیلئے لکھ دیا ہے، الیکشن ملتوی کرنے پر توہین عدالت کا کیس کریں گے۔

 اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوگی تو وہی توہین عدالت کی کارروائی کرے گی

الیکشن کمیشن جانبدارانہ کردار ادا کررہا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر کے اپنا ہی حلف توڑ دیا، سپریم کورٹ کی 30اپریل کو انتخابات کروانے کی تاریخ حتمی ہے،الیکشن کمیشن اس تاریخ میں ردوبدل نہیں کرسکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید