• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی افراد کیلئےاکلوتا پارک بھی سہولیات کے فقدان کے باعث بند

ملتان (سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ کی جانب سے خصوصی افراد کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے دعوے دھرے رہ گئے ، خصوصی افراد کے لئے شہر اولیاء میں قائم اکلوتا پارک بھی سہولیات کے فقدان کے باعث بند پڑا ہے - پارک کے داخلی گیٹ پر لگا تالا انتظامی عدم توجہی کا نوحہ بیان کر رہا ہے ، تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ نے تین سال قبل خصوصی افراد کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے مدنی پارک کے ایک کونے کو خصوصی افراد کے پارک میں تبدیل کیا تھا ، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود اس پارک میں سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں - خصوصی افراد کے لئے نہ تو جھولے نصب کئے جا سکے اور نہ ہی پارک کے وسط میں واقع فوارے کو فعال کیا جا سکا - تفریحی سہولیات کے فقدان کے باعث پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ نے پارک کو تالے لگا دیے ہیں - ترجمان پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان جلال الدین کے مطابق فنڈز ملتے ہی پارک میں خصوصی افراد کے لئے مخصوص جھولے نصب کئے جائیں گے جبکہ فوارا بھی فعال کر دیا جائے گا ، انہوں نے مزید بتایا کہ پارک میں گزیبوز اور ٹریک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ، پارک کو جدید خطوط پر استوار کریں گے ،اسپیشل سکولوں کے بچوں کو ہفتہ وار پارک کا تفریحی دورہ بھی کروایا جائے گا ۔
ملتان سے مزید