کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ میں اٹک اسپورٹس نے ہیلا ڈوس ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ۔ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ نیا ناظم آباد جمخانہ میں ہیلا ڈوس کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر137 رنز بنائے۔ عثمان مایا نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم اور یوسف آفریدی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اٹک اسپورٹس نے ہدف نو وکٹ کے نقصان پر بیس ویں اوور کی چوتھی گیند حاصل کیا۔ فواد عالم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز اسکور کیے ۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر فواد عالم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں اے زیڈ ریئل اسٹیٹ اسلام آباد نے مومن سیڈز کے خلاف تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ مومن سیڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف98 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔عبداللہ نے چار جبکہ فرمان اللہ اور اظہار خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اے زیڈ ریئل اسٹیٹ نے ہدف اٹھارہویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر اویس ضیا نے 54 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ عالیان محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اویس ضیا مین آف دی میچ قرار پائے۔