• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک محاذ آرائی ،انتشار اور گھیرائو جلائو کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا،رحمت وردگ

پشاور (نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ ملک محاذ آرائی ‘انتشار اور گھیرائو جلائو کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عدم استحکام سے معاشی حالت مزید خراب ہو گی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ ملک میں انتشار پھیلا کر قومی سلامتی کو دائو پر لگانے کی بجائے سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت کرنا چاہئے فوج کے خلاف شرانگیز مہم چلا کربھارت کے عزائم کو تقویت پہنچانے کی بجائے ملک کے مفاد میں فوج کاساتھ دینا چاہئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے لئے ملک میں انتشار پھیلا کر ملک کو کمزور کرنا ملک دشمنی ہے۔ عمران خان کو قانون کا احترام کرنا چاہئے مسلح افواج نہ صرف ملک کی محافظ ہیں بلکہ فوج ناگہانی آفات کی صورت میں عوام کی مدد کے لئے پیش پیش رہتا ہے۔ عوام کو بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے۔ فوج کے خلاف زہر اگلنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں بلکہ عوام دشمن ہیں۔ تحریک استقلال بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور ملک کے استحکام کے لئے مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دیتی رہے گی۔ آئین و قانون کی دھجیاں بکھیرنے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والا کبھی بھی سیاستدان نہیں بن سکتا۔ کالا باغ ڈیم سمیت بڑے ڈیم بنانے سے لاکھوں ایکڑ بنجر زمینیں سرسبز و شاداب ہو گی جس سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ملک کو آٹے چینی اور اشیائے خوردنی کا بحران اور لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔
پشاور سے مزید