پشاور (جنگ نیوز)نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت ظفر محمود نے گزشتہ روز نشتر ہال پشاور کا دورہ کیا، ڈائریکٹر ثقافت اجمل خان نے مشیر کا استقبال کیا۔ مشیر نے نشتر ہال کی عمارت آڈیٹوریم ہال اور سکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو صوبے کی ثقافتی، روایتی طور پر اور تاریخی عمارتوں اور مقامات سے روشناس ہونا چاہئے۔نگران صوبائی حکومت ثقافتی و تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ ثقافت کے افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی و ڈویژنل سطح پر ثقافتی ورثے کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ اور موسم بہار کے سیاحتی سیزن کے حوالے سے ثقافتی میلے و دیگر تقریبات اور تفریحی سرگرمیوں کے بارے میں عوامی شعور کو اجاگر کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح مستفید ہو سکیں، شعرا، ادیب اور فنکار معاشرے کے خاص طبقے ہیں ان کے فن و ہنر کی قدر کرکے انہیں سہولیات فراہم کی جائینگی۔