• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت کراچی میں کل بارش کا امکان

کراچی(این این آئی) مغربی ہواؤں کا ایک تازہ سلسلہ 28مارچ سے مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کل (بدھ کو) کراچی میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 28 سے 31مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق مغربی ہوائیں منگل کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

مغربی ہوائیں 29مارچ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائیں گی جو 31مارچ تک موجود رہیں گی۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا کہ سسٹم کے زیر اثر کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔جواد میمن نے کہا کہ کراچی کے مضافات میں اس سسٹم کے زیر اثر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہے،پیرکو دن کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث کراچی میں ہواؤں کا رخ مغرب اور شمال مشرق رہ سکتا ہے، ہواؤں کا سلسلہ 28 مارچ سے ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔جواد میمن نے کہا کہ سسٹم کے زیر اثر 2 اپریل تک ملک کے بیشتر مقامات پر بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

محکہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث 28سے 31مارچ کے دوران نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، ژوب، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، سبی، لورالائی، قلات، خضدار، لسبیلہ، پنجگور، آواران اور کیچ میں بارش متوقع ہے۔

اہم خبریں سے مزید