• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ہی واقعہ پر ایک سے زائد مقدمات، کیسز کورٹ نمبر 4 منتقل کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ایک ہی واقعہ پر ملک بھر میں ایک سے زائد مقدمات کے اندراج کیخلاف اور ان کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواستوں کو عدالت عالیہ کے بنچ نمبر چار میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو چیف جسٹس عامر فاروق نے جاوید لطیف کی پریس کانفرنس پر درج سرکاری افسران کیخلاف ایک سے زائد مقدمات کیخلاف درخواست ، سیکرٹری اطلاعات ، سرکاری ٹی وی کے ایم ڈی اور ڈی این کیخلاف درج مقدمات کیخلاف کیس ، عدالتی حکم کے بعد سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کیخلاف درج مقدمات کیخلاف کیس اور جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق صوبائی وزیر بشارت راجہ کی عبوری ضمانت کے کیس کو یکجا کر کے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کیسز ایک ہی واقعہ پر ملک بھر میں ایک سے زائد مقدمات سے متعلق ہیں ، اسی نوعیت کا ایک کیس کورٹ نمبر چار میں زیر سماعت ہے لہٰذا یہ کیسز بھی سماعت کیلئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت میں واپس بھیج دیتے ہیں۔ صحافی صدیق جان کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت نے وفاق سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کیخلاف اسلام آباد میں کتنے مقدمات درج ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ مقدمات کی تفصیلات سے متعلق تفصیلات جمع کرا دیں گے ، مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے وقت دیا جائے ۔ صحافی صدیق جان کیخلاف قابل اعتراض چیزوں پر مقدمہ بنا تھا۔ اس موقع پر صدیق جان کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے نے ہمیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے نوٹس درخواست کیساتھ لگایا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست کیساتھ نوٹس تھا مگر ان کو دیا تھا یا نہیں؟ آپ نوٹس کیسے بھیجتے ہیں؟ اس موقع پر صدیق جان کے وکیل نے کہا کہ ہمیں نوٹس کی کاپی دیں تو ہم اپنا جواب جمع کریں گے۔ اس پر عدالت نے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔

ملک بھر سے سے مزید