• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ بلدیہ کیس، چار ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر نوٹس جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سانحہ بلدیہ کیس کے ملزمان کی اپیل اور چار ملزمان کی بریت کے خلاف سرکاری وکیل کی اپیلوں پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیئے، سانحہ بلدیہ کیس میں چار ملزمان کی بریت کے خلاف سرکاری کی اپیلوں، ملزمان عبد الرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کی سزائے موت کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی، کیس سے بری ہونے والے ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کے وکیل نے گواہوں کی لسٹ عدالت میں پیش کی اور کہا کہ 347 سرکاری اور پرائیویٹ سمیت فہرست میں 4 سو گواہ شامل ہیں ، کیس سے جڑے 53 گواہوں کے بیان پر جرح ضروری ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم سمجھ رہے تھے کیس جلد نمٹ جائے گا مگر الجھ رہا ہے، پراسیکیوٹر کے ساتھ بیٹھ کر گواہوں کی حتمی لسٹ مرتب کی جائے، جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ بری ہونے والے ملزمان کہاں ہیں؟ وکیل نے کہا کہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں، ان کی طرف سے کیس کی پیروی میں کروں گا ، عدالت نے کیس کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا اور مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی، انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان دو ملزمان کو سزائے موت اور دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔