• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کی ترقی زرعی ترقی ہی سے ممکن ہے، ارباب عثمان خان

پشاور(نمائندہ خصوصی) اے این پی کے رہنما اور پراونشل کمیٹی کے ممبر ارباب عثمان خان نے کہا ہے کہ چالیس سال سے زائد عرصہ تک دہشت گردی کی لپیٹ میں رہنے سے خیبر پختونخوا تباہی و بربادی سے دو چار ہو چکا ہے اور صوبے میں غربت و بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ لہٰذا خیبر پختونخوا میں غربت و بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ خیبر پختونخوا زرعی صوبہ ہے زراعت کو ترقی دے کر اور کاشت کاروں کو مراعات دی جائیں ۔ ارباب عثمان خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لاکھوں ایکڑ بنجر زمینوں کو سرسبز و شاداب بنانے سے صوبے میں زرعی انقلاب آئے گا جس سے غربت و بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور خیبر پختونخوا ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی کے 9سالہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا میں زراعت کو ترقی دینے کی بجائے زراعت کو تباہی سے دو چار کیا گیا۔ کاشت کاروں کو مراعات دینے کی بجائے کاشت کاروں کی چمڑی اتاری گئی۔ ارباب عثمان خان نے کہا کہ اے این پی کے دور حکومت میں زراعت کی ترقی کے لئے بجٹ میں دگنا اضافہ کیا گیا۔ بنجر زمینوں کو ہموار کرکے قابل کاشت بنایا گیا اور صوبے بھر میں کاشت کاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فارم ماڈل سروسز سنٹرز بنائے گئے۔ زراعت کی ترقی کے بغیر صوبے کی ترقی ناممکن ہے لہٰذا کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ کاشت کاروں کو ٹریکٹرز زرعی آلات کھاد زرعی ادویات اور تخم رعایتی قیمت پر فراہم کئے جائیں۔
پشاور سے مزید