• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں آج پاکستانی نژاد ڈاکٹر فرح عباسی کو اعزاز سے نوازا جائیگا

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) پاکستانی نژاد ماہر نفسیات ڈاکٹر فرح عباسی کو امریکہ کی ٹاپ خواتین رہنماؤں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرح عباسی نے نفسیاتی مسائل کے علاج میں ایمان اور ثقافت کی افادیت کو تسلیم کرایا ہے۔ سفیر پاکستان متعینہ واشنگٹن ڈی سی مسعود خان نے پاکستانی نژاد ماہر نفسیات ڈاکٹر فرح عباسی کی خدمات کا امریکی حکومت کی طرف سے اعتراف کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج انہوں نے ڈاکٹر فرح عباسی کو ٹیلیفون کیا اور اُنکی شاندار پاکستانی قوم کیلئے حاصل کردہ کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اُنکیکامیابی پوری پاکستانی قوم اور امریکہ میں موجود پاکستانیوں کیلئے قابل فخر ہے۔ ڈاکٹر فرح عباسی کی کامیابی نے ایک بار پھر امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی خداداد صلاحیتوں اور استعداد کا لوہا منوا گیا ہے۔ ڈاکٹر عباسی نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ وہ گزشتہ 15سالوں سے ذہنی صحت سے متعلق امراض کے حوالے سے نہ صرف عقیدے اور ثقافتی اقدار کو بروئے کار لا رہی ہیں بلکہ ذہنی مسائل کا شکار لوگوں پر لگنے والے سماجی دھبے دور کرنے کیلئے بھی کام کر رہی ہیں جس کی شکایت خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں زیادہ ہے۔ سفیر پاکستان نے ذہنی مسائل کا شکار لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ڈاکٹر فرح عباسی کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکے نتیجے میں پاکستان اور امریکہ کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے ضمن میں اُنکی کوششیں باعث تحسین ہیں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے بتایا کہ یوایس ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز پاکستانی نژاد ماہر نفسیات ڈاکٹر فرح عباسی کو ملک کی ٹاپ خواتین رہنماؤں کے طور پر تسلیم کر رہا ہے۔ جمعرات30مارچ 2023ء کو امریکی سیکرٹری ہیلتھ اور انسانی خدمات زیویر بیسیرا کی میزبانی میں منعقد ہونے والی تقریب جسے وویمن آف دی فرنٹ لائنز سلیبریٹنگ وویمن فیتھ لیڈرز کے نام سے موسوم ہے‘ میں امریکی 15خواتین مذہبی رہنماؤں کو اُنکے بے مثال کام اور انسانیت کی خدمت میں غیر معمولی قائدانہ خصوصیات پر اعزازات سے نوازا جائیگا۔ ڈاکٹر فرح عباسی مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات میں اسسٹنٹ پروفیسر اور مسلم سٹڈیز پروگرام کی فیکلٹی ممبر ہیں۔
اہم خبریں سے مزید