کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کرکٹ کیلئے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے سیاسی تعلقات کی وجہ سے رسہ کشی کا شکار نظر آرہے ہیں، دونوں ملکوں کے بورڈ حکام کے رویہ میں خاصی سختی ہے، مگر آئی سی سی کا جھکاؤ بھارت کی جانب نظرآنے لگا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد پر تحفظات ہیں ، کرکٹ بورڈ پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر قائم ہے، ایشیا کپ کا انعقاد یو اے ای یا قطر میں ہونا ہے، پاکستان کو بھی اپنے میچز ان دو ممالک میں سے ایک میں کھیلنا پڑیں گے۔
دوسری جانب پی سی بی کہہ چکا ہے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی تو ہم ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جائیں گے ، چاہتے ہیں کہ سری لنکا یا بنگلہ دیش ہمارے میچز کی میزبانی کریں، تاہم بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔ جبکہ ایشیا کپ 2023دو ممالک میں کرانے کی پاکستان کی تجویز پربھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے کہا ہے کہ اے سی سی ایشیا کپ کے دو ممالک میں انعقاد پر غور نہیں کرے گی، دو ممالک میں انعقاد مالی طور پر ممکن نہیں، ایسا کرنے سے بجٹ بڑھ جائے گا، اے سی سی زیادہ بجٹ کی منظوری نہیں دے گی۔
بھارتی بورڈ کے خیال میں پاکستان مکمل ایونٹ کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ ایشیا کپ کے دو ممالک میں انعقاد کے فارمولے پر بات چیت کی جا رہی ہے ۔
لیکن آئی سی سی نے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔
یہ مضحکہ خیز تجویز ہے کہ پاکستان اگر سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچتا ہے تو ورلڈکپ کے وینیوز کبھی تبدیل نہیں ہوں گے۔