پشاور (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے گزشتہ روز نوشہرہ اور پشاور میں بڑی کاروائیاں کیں۔ضلع نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے خیبرپختونخوا اور پنجاب بارڈر پر چیکنگ کے دوران گاڑی سے پانچ ہزار 715 کلوگرام غیر معیاری کلیجی اور گوشت برآمد کرکے تلف کیا جو پنجاب سے پشاور،مردان اور نوشہرہ کو سپلائی کیا جا رہا تھا جبکہ نوشہرہ ٹیم نے شیرین کوٹو میں بھی کارروائی کے دوران گاڑی سے ایک ہزار 80 کلوگرام غیر معیاری مکھن اور ملائی قبضے میں لے کر موقع پر تلف کیا نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے، اسی طرح ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے خفیہ اطلاع پر پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھی اشرف روڈ پر متعدد گوداموں کا معائنہ کیا اور مختلف اشیائے خوردونوش کے نمونے لے کرچیک کئے۔ فوڈ سیفٹی افسران نے ایک گودام سے 1700 لیٹرز سے زائد جعلی روح افزا برآمد کرکے موقع پر ہی روح افزاء کو تلف کیا جبکہ گودام کو سربمہر کرکے مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے، ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے اپنے دفتر سے ھدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کاروائی تیز کریں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام کاروباروں کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔