پشاور (جنگ نیوز) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس روح الامین خان سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ حلف لے لیا۔گزشتہ روزگورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری میں سیکرٹری قانون خیبرپختونخوا مسعود احمد نے صدر ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے جسٹس روح الامین کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تقرری کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔گورنر نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس روح الامین خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔تقریب میں ججز، وکلاء ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اختر حیات خان اور نگران صوبائی وزراء شریک تھے۔ علاوہ ازیں گورنر سے نگران صوبائی وزراء فیروز جمال کاکاخیل ، عدنان جلیل اور فضل الٰہی نے بھی ملاقات کی۔اس کے علاوہ فرحان جھگڑا اور ناظم ہدایت اللہ نے بھی گورنرسے ملاقات کی اورعوام کورمضان پیکج کے تحت مفت آٹاکی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے گورنرکو آگاہ کیا جس پر گورنرنے انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔