راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر انتظام پہلا سالانہ امتحان میٹرک 2023ء یکم اپریل 2023ء سے شروع ہو رہا ہے۔ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات ساجد محمود فاروقی کے مطابق امتحانات کو شفاف اور فول پروف بنانے کیلئے چند اہم نوعیت کے فیصلے کئے گئے ہیں جو فوری نافذ العمل ہونگے۔ تمام سپرنٹنڈنٹ‘ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور نگرانوں کا ریکارڈ کی چھان بین کیلئے لسٹیں مرتب کرکے سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو کو بھیج دی گئی ہیں۔ سوالیہ پرچوں کے تمام لفافوں پر چھیڑ چھاڑ/وقت سے پہلے اشاعت سے بچنے کیلئے لفافوں پر خفیہ کوڈ لگا دیا گیا ہے‘ ہر امتحانی سنٹر کیلئے ایک آئی ٹی کلرک تقرر کر دیا گیا ہے جو امیدواران اور عملے کی بروقت حاضری بورڈ کو آن لائن کرنے میں ریذیڈنٹ انسپکٹر کی معاونت کریگا مگر اسے دیگر امتحانی عملے یا امیدواران سے براہ راست رابطے کی اجازت ہرگز نہ ہو گی۔ تمام چھ اضلاع میں مانیٹرنگ کو موثر بنانے کیلئے الگ الگ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ کنٹرولر امتحانات کا کہنا تھا کہ نقل مافیا کو ختم کرینگے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر کمشنر راولپنڈی کی طرف سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔