• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور مریم، شاہ سلمان کی دعوت پر 11 اپریل کو سعودیہ جائینگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز شریف آئندہ ہفتے سعودی فرمانرو ا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی بعد ازاں ان سے جاملیں گے ، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارنے کیلئے دعوت دی جاچکی ہے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نواز شریف، ان کے بیٹے حسین اور حسن ،بیٹی عاصمہ اور ان کے شوہر، پوتے پوتیوں، نواسوں سمیت خاندان کے دیگر افراد 11اپریل کو سعودی عرب جائیں گے ۔ انہیں سعودی عرب کی طرف سے خصوصی شاہی طیارےسے سعودی عرب جانے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ شریف خاندان رمضان المبارک کا آخری عشرہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گذاریں گے ۔تمام افراد سعودی عرب پہنچنے کے فوری بعد عمرہ ادائیگی کریں گے ۔ نواز شریف 6برس بعد سعودی عرب پہنچیں گے ۔وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے سے قبل وہ ہر سال رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارتے تھے۔ ذرئع کے مطابق نواز شریف شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ مریم نواز اپنے والد کے پہنچنے سے ایک روز بعد سعودی عرب پہنچیں گی ۔وہ نواز شریف کے پہنچنے تک جدہ میں اپنے بھائی حسین نواز کے گھر پر قیام کریں گی ۔ کیپٹن صفدراور جنید صفدر بھی جدہ میں قیام پذیر ہوں گے۔ نواز شریف کے تاریخی دورے کے معنی خیز سیاسی اثرات ہوں گے اور تفصیلی شیڈول پر کام جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے کچھ افراد بشمول مریم نواز رمضان المبارک کی آخری شب دوحا کا سفیر کریں گے۔ یہ لوگ عید الفطر قطری دارالحکومت میں منائیں گے جہاں جنید صفدر اور ان کے سسر سینیٹر شفیع الرحمان نواز شریف کی میزبانی کریں گے۔ اس دوران لندن واپسی سے قبل نواز شریف اور قطری امیر کے درمیان اہم ملاقات کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لندن میں موجود ڈاکٹرز نے نواز شریف کی تھیراپی شروع کردی ہے تاکہ وہ آنے والے سخت شیڈول کے قابل ہوسکیں۔ نواز شریف اپنی تھیراپی کی تکمیل کیلئے لندن واپس جائیں گے، یہ تھیراپی امریکا میں موجود ڈاکٹرز نے تجویز کی ہے جو سابق وزیراعظم کا ورچوئل معائنے کے ذریعے سے علاج کررہے ہیں۔ شریف خاندان ان کے علاج کی تکمیل میں امریکی ڈاکٹرز کی رائے کو حتمی گردانتا ہے۔ نواز شریف کے حتمی چیک اپ کیلئے اپنے ڈاکٹر کے پاس امریکا جانے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر امریکا کا سفر کرنا پڑا تو مریم نواز اور حسین نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ سعودی حکام وزیراعظم شہباز شریف کو بھی رمضان المبارک میں دورے کی دعوت دے چکے ہیں۔ شہباز شریف کی جانب سے اپنے دورے کے حوالے سے فیصلہ کرنا باقی ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار مدینہ منورہ میں نواز شریف کیساتھ جاملیں گے، وہ رواں ہفتے امریکا کے اہم دورے پر واشنگٹن روانہ ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید