کراچی (جنگ نیوز) ماہر قانون دان اور پاکستان بارکونسل کے رکن عابدساقی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی کام انتخابات میں تاخیر نہیں بلکہ الیکشن کا شفاف انعقاد ہے‘ سپریم کورٹ کا حکم ماننا حکومت کا فرض ہے اگر انحراف کرے گی تو آئین سے تصادم ہوگا‘ موجودہ حکومت کو لیکر آنے والے ا ن کو تحفظ دینا چاہ رہے ہیں‘ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاویدلطیف نے کہاکہ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان ججوں کے فیصلوں نے پہنچایا ہے‘اس کے بعد نقصان جرنیلوں اور پھر سیاستدانوں نے پہنچایا ہےجبکہ سینئر صحافی نصرت جاوید نے کہاکہ ایساتاثردیاجارہاہے کہ آئین کا تحفظ صرف تین ججزچاہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو جیونیوزکے پروگرام ’’آپس کی بات ‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد ساقی نے کہا ہے کہ ہم نے نظریہ ضرورت کی گود میں جنم لیا تھا،ہم نے آئین کے تحت چلنا سیکھا نہیں جس کی بنیادی وجہ ہمارا اندرونی نظام ہے ، اس یرغمالی نظام کی وجہ سے نہ سیاسی کردار اور نہ سیاسی پارٹیاں مستحکم ہوسکیں،عمران خان کو لیکر آنے والے عمران خان کو تحفظ دینا چاہ رہے تھے، اب موجودہ حکومت کو لیکر آنے والے ا ن کو تحفظ دینا چاہ رہے ہیں۔ اس میں آئین کم اور سیاست زیادہ ہے۔اگر قانون و آئین میں کسی ایک پارٹی کو آئین میں ترامیم کرکے اپنی مرضی کے جج منتخب کرنے کا حق مل چکا ہے تویہ حق پاکستان کے ہر شہری کو ملنا چاہے۔