کراچی / حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف ہیں ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کا انصاف کب ہوگا ، ملک کو ایٹمی قوت، متفقہ آئین دینے والے قائد عوام کے عدالتی قتل کا اب تک انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ ایک سیاہ باب ہے اور عدالتی قتل تھا جس کیلئے فوری طور پر فیصلہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راول ہاؤس راہوکی حیدرآباد میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ قرآن خوانی اور افطار ڈنر کے بعد اپنے خطاب اور اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کیا ذوالفقار علی بھٹو کا قصور تھا کہ انہوں نے ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ؟ انہوں نے ملک کو متفقہ آئین دیا ؟ 93 ہزار جنگی قیدیوں کو بھارت کی جیلوں سے باعزت طریقے سے واپس لائے ؟ ملک کی 5 ہزار اسکوائر میل زمین دشمن کے قبضے سے واگذار کرائی ؟