اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے تحریری حکم پر فوری ایکشن شروع کر دیا ہے۔ لاہور کے قریب چاول کی بوریوں کے درمیان چھپائی گئی 6ہزار بوری چینی برآمد کر لی ہے۔ چینی کے ایل پی روڈ کے نزدیک افغانستان اسمگل کرنے کیلئے چھپائی گئی تھی۔ یہ دعویٰ محکمہ خوراک پنجاب نے کیا ہے۔ چینی کی مارکیٹ میں قیمت محکمہ خوراک کے مطابق پونے 4کروڑ روپے ہے۔ محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق ملک بھر میں چینی کی قیمتیں بڑھنے کے ذمہ دار سٹے بازوں‘ ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ محمد زمان وٹو نے کہا کہ چینی کے بڑے اسمگلروں‘ سٹے بازوں کی نظر بندی کیلئے متعلقہ اداروں کو کیس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تمام بڑے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کا ڈیٹا پہنچ گیا ہے۔