اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین جو جمہوریت اور اتفاق رائے پر مبنی دستاویز ہے جس میں پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز کا حل مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کا آغاز 10 اپریل 2023 کو ہوگا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز اور (CPNE)، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (APNS) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا جس میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے شرکاء کو پارلیمنٹ ہاؤس میں گولڈن جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیوں اور تقریبات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1973کے آئین پر دستخط کرنے والے سید قائم علی شاہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے آئین کی حقیقی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کے بھرپور کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔