• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی شرکت، پی ایچ ایف کا وزارت سے رابطہ

کراچی ( نمائندہ جنگ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ٹیم کی شرکتمیں حائل مالی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئےپاکستان اسپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا ہے، پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کی عمان روانگی پر ہوائی جہاز کے ٹکٹ اور دیگر اخراجات پر ساڑھے تین کرووڑ روپے آئیں گے، فیڈریشن نے اپنے طور پر بھی فنڈ کا بند و بست کررہی ہے، پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈ ئیر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے اس سلسلے میں بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے بھی بات چیت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جونیئر ایشیا کپ میں عدم شرکت سے ورلڈ کپ میں رسائی کا موقع مل سکتا ہے،واضح رہے کہ ایونٹ23 مئی سےیکم جون تک عمان میں کھیلا جائے گا ،دریں اثناء قلندر ہاکی لیگ کے التواء کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ عید الفطر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے عید کی وجہ سے کیمپ میں پانچ دن کے لئے آف ہوگا جس کے بعد29اپریل سے کیمپ دوبارہ شروع ہوجائے گا،کیمپ میں ان دنوں کھلاڑی دو سیشن میں پریکٹس کررہے ہیں، قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں، ٹیم انتظامیہ نے کیمپ کےکھلاڑیوں کو تجربہ دلانے کے لئے فیڈریشن کو تجویز دی ہے کہ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دے کر ان کا پاکستان واپڈا، ڈار ، رانا ظہیراکیڈمی،پاکستان کسٹمز اور ایک دو اداروں کی ٹیموں کے ساتھ میچز کرائے جائیں ، سنیئر ٹیم کے ساتھ بھی میچز کرائے جائیں گے،جونیئر ایشیا کپ 23مئی سے عمان میں شروع ہوگا،پی ایچ ایف کے حکام اس کوشش میں بھی ہے کہ جونیئر ایشیا کپ سے قبل کوریا، ملائیشیا یا عمان میں سے کسی ایک ٹیم کے ساتھ تین میچوں کی سیریز ہوجائے تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی مقابلے کا تجربہ ہوسکے، تاہم وقت اور فنڈ کی کمی اور ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات کی وجہ سے سیریز کا انعقاد ممکن نظر نہیں آرہا ہے، جونیئر ٹیم کی انتظامیہ سے فیڈریشن کو یہ بھی تجویز دی ہے کہ جونیئر ٹیم کو ایونٹ کے آغاز سے دس روز قبل عمان بھیجا جائے اور وہاں کم از کم چار ٹیموں کے ساتھ ایونٹ شروع ہونے سے قبل پریکٹس میچز رکھے جائیں،ٹورنامنٹ میں ایشیا بھر سے دس جونیئر قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں بنگلہ دیش، چائنیز تائپے، بھارت، جاپان، کوریا، ملائیشیا، عمان، پاکستان، تھائی لینڈ اور ازبکستان شامل ہیں۔