اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم سمجھے تھے کہ عدم اعتماد ہوگیا، ہم کامیاب ہوگئے، سازش ختم ہو گئی لیکن ہم غلط تھے، سازش آج بھی چل رہی ہے‘ہم سب کومل کرسازش کو ناکام بنانا ہے‘ اگر سپریم کورٹ میں ون مین شو چلےگا توپارلیمان بحران کو نہیں سنبھال سکے گی ‘جوسازش میں شریک تھے وہ آج بھی اعلیٰ عدلیہ میں موجود ہیں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ضیا الحق کے بعد ایک اور آمر آیا پرویز مشرف‘ پرویز مشرف نےجو بیج بوئے اس کےنتیجے میں آج بھی انتہا پسندی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا ہر آمر جعلی سیاستدان کھڑے کرتاہے ‘ہم نے عدم اعتماد سے سلیکٹڈ وزیراعظم کی سازش ناکام کرائی، ایک اور جگہ ہے جو ادارہ نہیں ہےمگر ادارہ کہا جاتا ہے اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ماتحت ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ یہاں بھی سازش تھی جہاں میرٹ کا قتل ہونا تھا، میرٹ کا قتل کرتے ہوئے کسی کو اس پر 10سال مسلط کرنا تھا، یہاں سلیکٹڈوزیراعظم ہوتا وہاں سلیکٹڈ چیف جسٹس ہوتا، سلیکٹڈ آرمی چیف ہوتا، پاکستان میں سلیکٹڈ مارشل لا قائم ہوتا، دنیاکو بتاتے ہم جموری، آئینی ملک ہیں، اصل مک مکا یہ تھا۔