اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف آج (منگل کو) عمرہ کی ادائیگی کے لیے لندن سے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف اپنے والد کی جدہ لینڈنگ سے کئی گھنٹے پہلے سفر کر رہی ہیں۔ وہ منگل کی صبح جدہ پہنچ جائیں گی۔ نواز شریف جو رمضان المبارک کے آخری عشرہ مکہ اور مدینہ میں برسوں ایک ساتھ گزار تے رہے، چھ سال بعد ارض مقدس پہنچ رہے ہیں۔ باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف نے ابتدائی طور پر اس ماہ کی 26 تاریخ تک مملکت میں قیام کا منصوبہ بنایا ہے لیکن اب حسین نواز اور ان کے اہل خانہ نے ان سے جدہ میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کو طول دینے کی درخواست کی ہے۔ حسین جن کا سعودی عرب میں کاروبار ہے اور ان کی عرب بیوی ہے ان کا جدہ میں گھر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف جدہ میں اپنا قیام مئی کے وسط تک بڑھا سکتے ہیں۔ عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ جانے سے پہلے جدہ میں دو دن کا عارضی قیام ہوگا۔ انہوں نے اپنی پہلی نماز جمعہ خانہ کعبہ میں ادا کرنے کا ارادہ کیا ہے جبکہ جمعہ الوداع مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں ادا کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کریں گے جو رواں ہفتے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث سعودی عرب روانگی ملتوی کردی ہے۔ ان کا سعودی عرب کا دورہ کرنے کا عارضی پروگرام ہے۔ وہ اگلے ہفتے کے شروع میں ایک یا دو دن کے لیے مملکت جا سکتے ہیں جس دن سعودی عرب میں عید الفطر منائی جائے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ان کے قیام اور ملاقاتوں کے بارے میں ابھی تک کوئی شیڈول تیار نہیں کیا گیا ہے۔