کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹام لیتھم کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلنے منگل کو علی الصبح لاہور پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر پی سی بی عہدیداران نے استقبال کیا، کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ منگل کو کھلاڑیوں نے آرام کیا۔ ٹیم 13 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی اسی روز ہوگی ۔ آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بہترین تیاری کے ساتھ آئے ہیں، پاکستانی ٹیم اپنی سرزمین پر سخت حریف ہوگی تاہم اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے کافی پرجوش ہیں ۔