اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) چیف جسٹس پاکستان کے اختیارات سے متعلق (سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023)کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ہوگئیں۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف درخواستوں کی سماعت کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے، درخواستوں پر سماعت آج 13 اپریل بروز جمعرات صبح ساڑھے 11 بجے ہوگی۔ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک بھی بینچ کا حصہ ہونگی۔ اسکے علاوہ جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بھی بینچ میں شامل ہیں۔ بینچ میں چیف جسٹس کے اختیارات پر سوال اٹھانے والے ججز شامل نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف 4 درخواستیں عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی تھیں، بل کیخلاف درخواستیں ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم اور دیگر نے دائر کی تھیں۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کر کے توثیق کیلئے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کیلئے واپس اسپیکر کو بھیج دیا تھا۔10 اپریل کو پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔