اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کو ٹائم میگزین کی جاری کردہ 2023 کی 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کیا گیا ہے، ٹائم میگزین نے 2023 ءکی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی ہے ، ٹائم میگزین کی جانب سے شیری رحمان کو امریکی صدر جو بائیڈن، جاپان کے وزیراعظم، جرمن چانسلر اولاف شولز اور برازیل کے صدر کے ساتھ 2023 کی 20 سب سے زیادہ بااثر رہنماؤں کی فہرست میں رکھا گیاہے،جرمنی کی اسٹیٹ سیکرٹری جینیفر مورگن نے شیری رحمان کو ایک ایسی رہنما قرار دیا ہے جس نے ان لوگوں کو آواز دی جنہوں نے سیلاب میں اپنا سب کچھ کھو دیا تھا،ٹائم میگزین میں جرمنی کی اسٹیٹ سیکرٹری نے مزید لکھا ہے کہ دنیا کو شیری رحمان جیسے مزید لوگوں کی ضرورت ہوگی ،شیری رحمان کو اس سال فوربز میگزین نے ایشیاء کی 50 کامیاب خواتین کی فہرست جبکہ گزشتہ سال فنانشل ٹائمزنے 2022 کی 25 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا تھا۔