لاہور(جنگ نیوز،نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی کی سیاستدانوں کو ساتھ بٹھانے کی کوششوں میں مثبت پیشرفت ،حکومت اورPTIنے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر آمادگی ظاہر کردی، سراج الحق کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر آمادہ ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سےامیرجماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں لیاقت بلوچ اور امیر العظیم نےملاقات کی،ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں ایاز صادق اور سعد رفیق بھی ملاقات میں موجود تھے۔بعدازاں سراج الحق کی قیادت میں 3رکنی وفد نےزمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، سراج الحق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی کشیدگی کم کرنے پر زور دیا، اس موقع پر محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور شبلی فراز بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی کی جانب سے اتفاق رائے کیلئے کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آئین کے دائرہ و حدود کے اندر بات چیت کیلئے تیار ہے ، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین روابط کے تسلسل پر بھی اتفاق ہوا۔