• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور موڑ تا اسلام آباد ائرپورٹ میٹرو بس سروس افتتاح کا سال مکمل

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد میٹرو بس سروس کے افتتاح کو ایک سال مکمل ہوگیا۔ یہ پراجیکٹ جو 2018ء تک آپریشنل ہونا تھا‘ بدقسمتی سے پی ٹی آئی دور میں کھٹائی میں پڑا رہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد محض پانچ دن کے اندر اس منصوبے کا باقی ماندہ کام مکمل کر کے عوام کیلئے فعال کرا دیا۔ ایک سال کے دوران چار روٹس پر ریڈ‘ اورنج‘ بلیو اور گرین لائنز پر سروسز کی شروعات ہوئی۔ ریڈ اور اورنج لائنز کیلئے مخصوص لین رکھی گئی ہیں جن کے ساتھ مناسب سہولیات سے آراستہ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ بلیو اور گرین لائنز اس وقت بالترتیب اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے کے ساتھ باقاعدہ ٹریفک کے ساتھ رواں دواں ہیں۔ میٹرو بس نیٹ ورک ریڈ لائن سروس اسلام آباد میں پاک سیکرٹریٹ اور راولپنڈی میں صدر کے درمیان ساڑھے 22کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس کا دوسرا روٹ اورنج لائن‘ پشاور موڑ انٹر چینج اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے درمیان ساڑھے 25کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ جولائی 2022ء میں میٹرو بس نیٹ ورک میں گرین لائن اور بلیو لائنز شامل کی گئی ہیں۔ یہ ماس ٹرانزٹ سسٹم ای ٹکٹنگ اور ٹرانسپورٹیشن سسٹم کا حامل ہے‘ ریڈ لائن کا انتظام پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے پاس ہے جبکہ باقی کا انتظام کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کر رہا ہے۔ مسافروں کو ہر 5منٹ بعد آنیوالی بسوں اور ہر 25منٹ کے بعد شٹل تک آسان رسائی کے ساتھ یہ سہولیات میسر ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر موٹر وے پر میٹرو بس اسٹیشن کے قیام کا عمل بھی جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت سے فائدہ پہنچایا جاسکے۔