پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیمیں ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبے بھر میں سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع پشاور، لوئر چترال اور کوہاٹ میں مضر صحت اور غیر معیاری سویٹس پروڈکشن یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیاتفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے چمکنی پشاور میں مس لیبلنگ اور ناقص صفائی پر املی اور سویٹس کا کارخانہ سربمہر کیا، اسی طرح لوئر چترال میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے بیکری دکان سے بڑی مقدار میں ممنوع مضر صحت کیمیکلز اور مصالحے کی دکان سے نان فوڈ گریڈ کلر برآمد کرکے موقع پر تلف کیا،جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیم کوہاٹ نے میں بھی چکن شاپس کے معائنے کے دوران دو دوکانوں سے باسی کلیجی اور چکن پارٹس برآمد کرکے موقع پر تلف کیے گئے جبکہ ایک چکن شاپ کو مضر صحت قیمہ فروخت کرنے پر بھی سیل کیا گیا مذکورہ کارروائیوں میں قانون کی خلاف ورزی پر مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے، دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی نے کہا ہے کہ عید الفطر کی آمد ہے اس لئے مضر صحت اور غیر معیاری سویٹس پروڈکشن یونٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے فوڈ اتھارٹی نے خصوصی پلان تشکیل دیاہے جس کا مقصد کسی کے کاروبار کو خراب نہیں کرنا بلکہ اسمیں بہتری لانا اور عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی ہے انھوں نے سویٹس پروڈکشن مالکان کو تنبیہ کی کہ مضر صحت اشیاء کے استعمال اور ملاوٹ سے گریز کریں اور اپنے کاروباروں کو حفظان صحت کے اصولوں کیمطابق بنائیں بصورت دیگر انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔