• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائزہ احمد

خاتونِ خانہ عید کے پر مسرت موقعے پرگھر کی تیاریوں سے فارغ ہونے کے بعد اپنی تیاری کے لیے پریشان ہوتی ہیں کہ کس طر ح کا میک اپ کیا جائے ۔تہوار کے موقعے پر ہر خاتون کاسجنے سنوارنے کا دل چاہتا ہے اور دل کیوں نہ چاہے عید کا دن ہوتا ہی خوشیاں منانے اور اپنے آپ کو منفرد بنانے کے لیے ۔ عید کے دنوں میں باقاعدہ دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

عید کے دن ضروری ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ اپنے چہرے اور میک اپ کو بالکل نظر انداز نہ کیا جائے۔ ہم نے سوچاکیوں نہ امسال عید پر آپ کو’’نو میک اپ لُک ‘‘ (No Makeup Look) کے بارے میں بتا یا جائے۔ آج کل یہ میک اپ خاصا مقبول ہے اور خواتین پسند بھی کررہی ہیں، تو کیوں نہ اس عید پر نو میک اپ لُک سے اپنی خوبصورتی کو مزید دوچند کیا جائے۔

لائٹ بیس یا بی بی کریم

موسم گرما میں بیس کی موٹی تہیں بنانے سے گریز کریں ،اگر آپ بیس کی شوقین ہیں تو نیچرل بیس کا استعمال کریں جو آپ کے چہرے پر زیادہ نمایاں نہ ہو اور آپ کے چہرے کونو میک اپ لُک دے۔ دوسری جانب آپ بی بی کریم (BB Cream) کااستعمال بھی کرسکتی ہیں ۔یہ کریم جلد کو دیر تک ترو تازہ رکھتی ہے، آپ بھی اپنی جلد کے مطابق کوئی بھی معیاری بی بی کریم لے سکتی ہیں۔ اگر آپ بیس نہیں لگانا چاہتیں تو صرف کومپیکٹ پاؤڈر کا استعمال بھی کرسکتی ہیں۔

نو فاؤنڈیشن

فاؤنڈیشن خواتین کے میک اپ کا ایک اہم اور ضروری حصہ ہے لیکن نو میک اپ لک کے لیے فاؤنڈیشن کا استعمال نہ کیا جائے تو بہتر ہے ،اس کے برعکس میک اپ کے لیے لائٹ کوریج کریں، تاکہ آپ کی صحت مند اور شفاف جلد زیادہ واضح ہو سکے۔ لیکن اس کے باوجود اگر فاؤنڈیشن استعمال کرنا ضروری ہو تو جلد کی مناسبت سے فاؤنڈیشن کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

کنسیلر

چہرے پر موجود داغ دھبوں اور حلقوں کو چھپانے کے لیے کنسیلر کا استعمال بہترین ہے، جلد کی مناسبت سے کنسیلر کا انتخاب کرتے ہوئے کم مقدار میں آنکھوں کے نچلی جانب اور داغ دھبوں پر اپلائی کریں، نیچرل لک کے لیے انگلیوں کی مدد سے لگائے گئے کنسیلر کو بلینڈ کرنے کے بعد ٹی زون ایریا پر فیس پاؤڈر اپلائی کریں۔

بلش آن

چہرے کی خوبصورتی کو نکھارنے کے لیے گالوں پر بلش آن کا استعمال ضروری ہے لیکن انتہائی کم مقدار میں، ناک کے لیے warm tone بلش کا استعمال کریں۔

لائٹ ہائی لائٹر

جلد کو چمکدار اور چہرے کے خدوخال کو ابھارنے کے لیے ہائی لائٹر ایک بہترین آپشن ہے، ہائی لائٹر کا تھوڑا سا استعمال میک اپ میں خاصی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے، ہائی لائٹنگ میں عموماً گولڈن یا لائٹ شیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ناک کی ہڈی کو ابھارے کے لیے ہلکا گولڈن اور گالوں کو ابھارنے کی لیے ہائی لائٹر لگائیں۔

برونزر

یہ چہرے کے خطوط کو ابھارتا ہے اور اسے پورے چہرے پر باآسانی لگایا جاسکتا ہے۔ جو خواتین پورے چہرے پر برونزر لگانا نہیں چاہتی وہ اسے صرف رخساروں پر بھی لگا سکتی ہیں۔ اگر آپ کو عید پر بیس کا استعمال نہیں کرنا تولائٹ پیچ یا پیسٹل پنک رنگ کے برونزر کا استعمال لازمی کریں۔ ان رنگوں کے برونزر کا استعمال آپ کی جلد کے دمکنے میں بھی مدددگار رہے گا۔