اسلام آباد(این این آئی)برف پگھلنے لگی، دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے وہ اگلے ماہ گووا جائینگے،اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر سے ہماری وابستگی اور خطے کیلئے خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں پاکستانی عزم کی اہمیت کی عکاس ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ آئندہ ماہ بھارت کے شہر گووا میں 4اور 5مئی کو ہونےوالے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت بھارت کے وزیر خارجہ اور ایس سی او کے موجودہ چیئرمین ایس جے شنکر کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر سے ہماری وابستگی اور خطے کیلئے خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں پاکستانی عزم کی اہمیت کی عکاس ہے۔